کھیل

’کین ولیمسن کا پاکستان کیخلاف ٹی 20 کے باقی میچز میں شرکت کا امکان نہیں‘

Share

کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کا انجری کے سبب پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے باقی میچوں میں شرکت کا امکان نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق کین ولیمسن پاکستان کے خلاف بدھ کو ہونے والے تیسرے ٹی 20 سے باہر ہو گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے بتایا کہ اسٹار بیٹر ممکنہ طور پر آخری دو میچوں کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی سیریز بھی قریب ہے، میرا خیال ہے کہ دیگر اہم چیزیوں کے دیکھتے ہوئے اولین ترجیح یہ ہوگی کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے وہ (کین ولیمسن) ٹھیک رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف 5 میچوں کی ٹی 20 سیریز میں نیوزی لینڈ کو 2 صفر کی برتری حاصل ہے، جبکہ دوسرے میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان کین ولیمسن کو ٹانگوں میں درد کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے انہیں 26 رنز بنا کر میچ چھوڑ کر جانا پڑا تھا۔

گیری اسٹیڈ نے عندیہ دیا کہ کین ولیمسن کی جگہ ٹم سیفرٹ کو شامل کیا جاسکتا ہے، جبکہ وہ پہلے ہی سیریز کے کسی مرحلے پر ڈیون کونوے کی جگہ وکٹ کیپر کے طور پر تیار ہیں۔