ہیڈلائن

کورونا وبا: پنجاب میں کیسز 75 ہزار سے زائد، ملک میں متاثرین 2لاکھ 9ہزار 337 ہوگئے

Share

ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور آج بھی مزید نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 337 تک پہنچ گئی جبکہ اموات 4 ہزار 304 ہوگئیں۔

ماہ جون کے آخری روز کی صبح تک ملک بھر میں 899 نئے کیسز اور 47 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 96 مریض ایسے بھی تھے جو کورونا وائرس سے شفایاب ہوگئے۔

اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد روز سامنے تو آرہے ہیں تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متاثرین کی تعداد کم ہوئی ہے۔

اگر ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیں اس وبا کو 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے اور جون کا مہینہ اب تک کا سب سے تشویشناک ثابت ہوا ہے۔

خیال رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد سے مارچ کے آخر تک ان کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار تھی اور 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد 31 مارچ تک 26 اموات ہوئیں تھیں۔

اپریل میں وائرس کے کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور 30 تاریخ تک یہ تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 358 ہوگئیں۔

مئی کے مہینے میں صورتحال مزید خراب ہوئی اور کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کا مہینہ اب تک سب سے تشویشناک اس حساب سے تھا کہ 29 روز کے دوران ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد کیسز اور 2700 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (30 جون کو) بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 723 نئے کیسز اور 46 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھںٹوں کے دوران 723 افراد متاثر ہوئے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 75 ہزار 501 ہوگئی۔

اسی طرح صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 1727 تک جا پہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 132 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ ایک فرد زندگی کی بازی ہار گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 132 نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 775 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی تعداد 128 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 افراد متاثر ہوئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد1470 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا کی وبا نے مزید لوگوں کو متاثر کیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد ایک ہزار 65 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

دریں اثنا ملک میں نئے کیسز کے علاوہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 3 ہزار 96 افراد ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس سے شفایابی حاصل کی۔

اس طرح ملک میں اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار 407 سے بڑھ کر 98 ہزار 503 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 209337

اموات: 4304

صحتیاب: 98503

فعال کیسز: 106530

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 81 ہزار 985 ہیں تو وہیں پنجاب میں 75 ہزار 501 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 26 ہزار 115 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 426 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 775، گلگت بلتستان میں 1470 اور آزاد کشمیر 1065 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1727

سندھ:1343

خیبرپختونخوا: 922

بلوچستان: 119

اسلام آباد: 128

آزاد کشمیر: 28

گلگت بلتستان: 24