ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کیسز 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد، تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں اگرچہ کچھ حد تک کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باجود نئے کیسز اور اموات کے بعد اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 482 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اموات 4 ہزار 838 ہوچکی ہیں۔

ملک میں آج (7 جولائی) کی صبح تک 836 نئے کیسز اور 20 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3308 افراد شفایاب ہوگئے۔

اگرچہ ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک کمی ہوئی ہے تاہم اب بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ روزانہ متاثر ہورہے ہیں جبکہ درجنوں اپنی زندگی سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔

اس وائرس کی روک تھام کے لیے اب حکومت اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنا رہی ہے اور زیادہ متاثر علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔‎

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا اور اب تک کیسز کے لحاظ سے سب سے خطرناک مہینہ جون ثاب ہوا تھا۔

اب تک کی صورتحال کا جائزہ لیں تو پہلے کیس سے مارچ کے آخر تک تقریباً 2 ہزار لوگ متاثر ہوئے تھے جبکہ 26 اموات ہوئیں تھیں، تاہم اپریل کے اختتام تک یہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے زائد ہوگئے اور اموات 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مئی میں صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی اور 31 تاریخ تک مجموعی کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں، جس کے بعد جون میں ایک ماہ کے دوران ہی کورونا وائرس کے کیسز ایک بڑے اضافے سے 2 لاکھ 12 ہزار جبکہ اموات 4300 سے تجاوز کرگئیں۔

جولائی میں بھی ابتدائی 6 روز میں 20 ہزار سے زائد کیسز اور تقریباً 500 اموات کا اضافہ دیکھنےمیں آیا۔

آج (7 جولائی) کو ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے 706 افراد کو متاثر کیا جبکہ مزید 15 افراد جان سے گئے۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مزید 706 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے مجموعی متاثرین 82ہزار 669 تک پہنچ گئے۔

اس کے ساتھ ساتھ 15 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے اموات کی تعداد 1899 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وائرس نے مزید 63 افراد کو متاثر کیا اور 3 افراد انتقال کرگئے۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 63 افراد متاثر ہوئے جس سے یہ تعداد 13 ہزار 557 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح 3 افراد وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس سے مجموعی اموات 140 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 26 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 26 افراد کے متاثر ہونے سے یہ تعداد ایک ہزار 587 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں 2 افراد کے انتقال کرجانے سے علاقے میں اموات کی تعداد 30 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی 41 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ان نئے اعداد کے بعد وہاں اب تک مجموعی متاثرین کی تعداد 41 کیسز کے اضافے سے ایک ہزار 383 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کیسز کے باجود صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور مزید 3 ہزار 308 افراد شفایاب ہوگئے۔

ملک میں اس وقت صحتیاب ہونے والوں کی تعداد فعال کیسز سے زیادہ ہے جو ایک امید کی کرن ہے۔

ان نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں مجموعی طور پر شفاپانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 957 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 234509

اموات: 4838

صحتیاب: 134957

فعال کیسز: 94687

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 96 ہزار 236 ہیں تو وہیں پنجاب میں 82 ہزار 669 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 28 ہزار 236 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 814 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 557، گلگت بلتستان میں 1587 اور آزاد کشمیر 1383 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1899

سندھ: 1572

خیبرپختونخوا: 1038

بلوچستان: 123

اسلام آباد: 140

آزاد کشمیر: 36

گلگت بلتستان: 30