کورونا وبا: ملک میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن، فعال کیسز ساڑھے 25 ہزار رہ گئے
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 2 لاکھ 76 ہزار 288 کیسز میں 2 لاکھ 44 ہزار 883 صحتیاب ہوچکے ہیں جو 88 فیصد سے زائد ہے۔
اس کے علاوہ ملک میں مجموعی طور پر اموات کی تعداد 5 ہزار 892 ہے جبکہ فعال کیسز ساڑھے 25 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں۔
آج 29 جولائی کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 245 کیسز اور 11 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 447 لوگ مزید شفایاب بھی ہوگئے۔
خیال رہے کہ جولائی کے مہینے سے ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تاہم حکومتی عہدیدار کورونا کی صورتحال میں بہتری کے باوجود عوام کو خبردار کررہے ہیں کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر احتیاطی تدابیر لازمی اپنائیں ورنہ صورتحال دوبارہ سے خراب ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروی کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا جس کےبعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا اور اس 5 ماہ سے زائد کے عرصے میں اس وبا کی وجہ سے تعلیمی اداروں سمیت کاروبار کی بندشوں تک کا سامنا کرنا پڑا۔
اگر اس وقت کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو آج 29 جولائی کو کیسز اور اموات بعد مجموعی تعداد کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 173 افراد کو متاثر کیا جبکہ 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے 173 کیسز کے بعد مجموعی کیسز 92 ہزار 452 تک پہنچ گئے۔
مزید برآں صوبے میں مزید 8 اموات نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 133 تک پہنچا دیا۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کورونا وبا نے مزید 25 افراد کو متاثر کردیا۔
سرکاری اعداد و شمارکے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 14 ہزار 963 تک جاپہنچی۔
آزاد کشمیر
ملک میں دوسرے نمبر پر کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وبا کے مزید 15 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں وائرس نے مزید 15 لوگوں کو متاثر کیا جس سے مجموعی کیسز 2 ہزار 55 تک پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے یہ تعداد 50 تک جاپہنچی۔
گلگت بلتستان
ملک میں اس وقت سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 32 افراد کو متاثر کیا اور 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پورٹل کے مطابق 32 افراد کے متاثر ہونے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 42 ہوگئی۔
اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 50 تک پہنچ گئی۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جو دیگر فعال کیسز کے لیے امید کی کرن ہے۔
اس وقت ملک میں 88 فیصد لوگ شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 447 لوگ ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس سے شفا پائی۔
جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 883 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 276288
اموات: 5892
صحتیاب: 244883
فعال کیسز: 25513
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 19 ہزار 398 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 92 ہزار 452 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 724 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 654 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 963، آزاد کشمیر میں 2055 اور گلگت بلتستان 2042 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
سندھ: 2172
پنجاب: 2133
خیبرپختونخوا: 1186
بلوچستان: 136
اسلام آباد: 165
آزاد کشمیر: 50
گلگت بلتستان: 50