ہیڈلائن

کورونا وبا: پنجاب میں کیسز 50 ہزار سے زائد، ایک روز میں تقریباً 10 ہزار لوگ صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد مجموعی تعدا ایک لاکھ 32 ہزار 405 جبکہ اموات 2551 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ملک بھر میں اب تک 3 ہزار 223 نئے کیسز اور 56 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو آیا تھا اور اب اس وبا کو ساڑھے 3 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم ابتدا میں اس کے پھیلاؤ میں کمی رہی لیکن اب صورتحال تشویش ناک ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔تحریر جاری ہے‎

پاکستان میں فروری کے آخری دنوں اور مارچ کے پورے مہینے میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز تھے جبکہ اموات 26 تک پہنچی تھیں، جس کے بعد اپریل میں صورتحال کچھ تبدیل ہوئی اور اس ماہ کی 30 تاریخ تک متاثرین ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

تاہم مئی میں صورتحال یکسر ہی تبدیل ہوگئی جس کے بعد جون کا مہینہ مزید خراب صورتحال کو واضح کررہا ہے، گزشتہ ماہ کے 31 روز میں ملک میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں تھیں اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئی تھیں۔

رواں ماہ (جون) کے ابتدائی 12 روز میں صورتحال یہ رہی کہ 58 ہزار سے زائد کیسز اور 975 اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (13 جون) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز اور اموات سامنے آگئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2705 نئے کیسز اور 48 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 2705 نئے مریض آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 50 ہزار 87 تک پہنچ گئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ صوبے میں ایک روز کے دوران مزید 48 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 890 سے بڑھ کر 938 ہوگئی۔

اسلام آباد

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور مزید 464 نئے کیسز 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 6699 سے بڑھ کر 7 ہزار 163 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد میں مزید 6 افراد کا انتقال ہوا جس سے اموات کی تعداد 65 سے بڑھ کر 71 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

وہی گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 14 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز ایک ہزار 30 سے بڑھ کر ایک ہزار 44 ہوگئے۔

مزید یہ کے علاقے میں مزید ایک موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 15 سے بڑھ کر 16 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر جو اب تک کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر علاقہ ہے وہاں 40 نئے کیسز اور ایک موت کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک کورونا وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 534 سے بڑھ کر 574 ہوگئی۔

ساتھ ہی وہاں ایک موت کی تصدیق کی گئی جس سے یہ تعداد 10 سے بڑھ کر 11 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

مزید برآں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور آج ایک روز میں ریکارڈ 9 ہزار 809 افراد صحتیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ اب تک ملک میں ایک روز میں صحتیاب ہونے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

ان نئے صحتیاب ہونے والوں کے بعد ملک میں اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 40 ہزار 247 سے بڑھ کر 50 ہزار 56 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 132405

اموات: 2551

صحتیاب: 50056

فعال کیسز: 79798

اس وقت صوبہ سندھ میں کیسز کی تعداد 49 ہزار 256 ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 50 ہزار 87 ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 16 ہزار 415 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 866 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7 ہزار 163 ، گلگت بلتستان میں 1044 اور آزاد کشمیر 574 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 938

سندھ: 793

خیبرپختونخوا: 642

بلوچستان: 80

اسلام آباد: 71

گلگت بلتستان: 16

آزاد کشمیر: 11