ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کے نئے کیسز سے متاثرین 10ہزار 513 ہوگئے، 2337 افراد صحتیاب

Share

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے اور مزید کیسز کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد 10 ہزار 513 جبکہ اموات 222 ہوگئیں۔

چین سے شروع ہونے والا یہ وائرس جہاں دنیا کے 185 سے زائد ممالک کو متاثر کرکے اب تک 1 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کی جان لے چکا ہے وہیں پاکستان میں اس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔

اگرچہ پاکستان میں 26 فروری کو وائرس کے آغاز سے 31 مارچ تک اس کے پھیلاؤ میں اتنی تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل کے مہینے میں اس عالمی وبا کا پھیلاؤ میں یکدم تیز ہوا ہے اور روزانہ سیکڑوں افراد اس سے متاثر ہورہے ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

صرف اگر اپریل کی بات کریں تو گزشتہ 22 دنوں میں تقریباً ساڑھے 8 ہزار کیسز اور 194 اموات دیکھنے میں آئیں جبکہ اس کے مقابلے میں فروری و مارچ کے 35 روز میں 2000 کیسز اور 26 اموات ہوئی تھیں۔

مزید یہ کہ حکومتی سطح پر یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ مئی کے وسط میں کورونا وائرس کی صورتحال پاکستان میں مزید خراب ہوسکتی ہے اور اس سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم اس وقت حکومت کی طرف سے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور کہیں پابندیاں تو کہیں جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود کیسز میں اضافے کا سلسلہ جارہی ہے۔

آج (23 اپریل) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات سامنے آگئیں۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد کے انتقال کرنے کی تصدیق کی گئی۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 552 ہے جبکہ اب تک 8 افراد اس وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں 338افراد مقامی طور پر منتقلی کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔

اسلام آباد

صبح کے وقت میں اسلام آباد میں مزید افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم کی گئی ویب سائٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 10 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

ان 10 نئے کیسز کے بعد اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 204 تک پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ تعداد 194 پر موجود تھی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں ایک بات جو حوصلہ افزا اور مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے وہ لوگوں کا جلد شفایاب ہونا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 181 افراد صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2156 سے بڑھ کر 2337 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ان نئے کیسز کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا ہے تاہم اموات کی شرح خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ ہے۔

پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے 4 ہزار 590 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جو مجموعی تعداد کا 40 فیصد سے زائد ہے۔

اسی طرح سندھ میں کیسز کی تعداد دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ یعنی 3 ہزار 373 ہے، جو مجموعی تعداد کا 30 فیصد سے زیادہ بنتا ہے۔

خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 1453 ہے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 552 تک پہنچ چکی ہے۔

مزید یہ کہ اسلام آباد میں 204 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور گلگت بلتستان میں کورونا وبا کا شکار افراد کی تعداد 290 ہے۔

آزاد جموں و کشمیر اب تک کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے اور یہاں متاثرین کی تعداد 51 تک پہنچی ہے۔

اموات کے حساب سے خیبرپختونخوا پہلے اور سندھ دوسرے نمبر پر ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 83
  • سندھ: 69
  • پنجاب: 56
  • بلوچستان: 8
  • گلگت بلتستان: 3
  • اسلام آباد: 3
  • آزاد کشمیر کوئی نہیں