پاکستان

پہلی بار کراچی پریس کلب کا پورا پینل بلامقابلہ منتخب

Share

رواں سال کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ نہیں ہوگی جبکہ سال 2023 کے لیے دی ڈیموکریٹس کے تمام امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔

 رپورٹ کے مطابق کراچی پریس کلب کے مطابق بزنس ریکارڈر سے وابستہ سعید سربازی اور نیوز ون کے شعیب احمد بالترتیب بلامقابلہ صدر اور سیکریٹری منتخب ہوئے۔

ڈیلی کاوش سے وابستہ مشتاق سہیل نائب صدر، سما نیوز سے وابستہ محمد اسلم خان جوائنٹ سیکریٹری اور روزنامہ امت سے منسلک احتشام سعید قریشی کو خزانچی منتخب کیا گیا، کلثوم جہاں، فاروق سمیع، رمیز وہرہ، رفیق بشیر، شمس کیریو، ذوالفقار علی راجپر اور ذوالفقار علی واہوچو گورننگ باڈی کے رکن منتخب ہوئے۔

تمام ارکان بلامقابلہ منتخب ہوئے جب کہ تمام مخالف گروپوں اور اراکین نے اپنے کاغذات نامزدگی اس روز واپس لے لیے جس دن پینل کا اعلان ہونا تھا۔

کہا جاتا ہے کہ تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کراچی پریس کلب کا پورا پینل بلامقابلہ منتخب ہوا ہے۔

سینئر صحافی غازی صلاح الدین کراچی پریس کلب کے آخری صدر تھے جو بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے لیکن ان کے پورے پینل کو انتخابی عمل سے گزرنا پڑا تھا۔

منگل کے روز ڈان سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پورا پینل بلامقابلہ منتخب ہوا ہے جس کے 2 پہلو ہیں، اس کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ انتخابات نہیں ہوں گے جس کی وجہ سے کسی قسم کی کوئی تلخی بھی نہیں ہوگی لیکن دوسرا پہلو یہ ہے کہ پریس کلب صحافیوں کے لیے ہے اور صحافت میں اختلاف رائے کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے تو میں انتخابات کے حق میں ہوں، آپ کو صحافت میں ہونے والے تنزل کو قبول کرنے یا اس تنزل سے نمٹنے کی بھی ضرورت ہے‘۔

کراچی پریس کلب کے سابق صدر مظہر عباس نے کہا کہ ’ایک پورا پینل بلامقابلہ آنے سے لوگوں کا اس پینل پر اعتماد ظاہر ہوتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی یہ مخالف گروپوں کے درمیان موجود کچھ مسائل کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کراچی پریس کلب کے انتخابات نے ہمیشہ صحت مند مقابلے کی فضا کو جنم دیا، امید ہے کہ یہاں بلامقابلہ منتخب ہونا نئی روایت نہیں بنے گی، کراچی پریس کلب کے تمام اراکین یا اس کے ووٹر اکثر کلب نہیں آتے لیکن الیکشن کے دوران امیدوار اور ان کے گروپ کے اراکین ووٹ ڈالنے کی درخواست کے لیے ان سے رابطہ کرتے ہیں اور اکثر غیر حاضر رہنے والے اراکین بھی ووٹنگ کے عمل میں شامل ہوتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ ہر سال کی طرح رواں سال کے آخری ہفتے کو انتخابات نہیں ہو رہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ اراکین آئیں، جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کریں اور کلب کے ان امور پر تبادلہ خیال کیا جائے جو تاحال توجہ طلب ہیں‘۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کے سالانہ الیکشن میں بلامقابلہ منتخب تمام امیدواروں کو بھی مبارکباد دی۔

پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر پیج پر جاری اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی تاریخ میں پہلی بار تمام امیدواروں کا بلامقابلہ منتخب ہونا خوش آئند ہے۔