سائنسہفتہ بھر کی مقبول ترین

ایلون مسک کا ٹوئٹر سے ڈیڑھ ارب اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا اعلان

Share

ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ان کا پلیٹ فارم جلد ہی ان اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنا شروع کردے گا جو کئی سال سے ڈی ایکٹو ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ٹوئٹر پر بہت سارے اکاؤنٹس ڈی ایکٹو ہیں، جنہیں کئی سال سے کوئی بھی استعمال نہیں کر رہا اور لوگوں نے یوزر نیم حاصل کرنے کی غرض سے کئی سال قبل ہی اکاؤنٹ بنا دیے تھے۔

علاوہ ازیں ٹوئٹر جعلی اور کمپیوٹرائزڈ اکاؤنٹس کی بھی کثیر تعداد سے متعلق باتیں سننے کو ملتی ہیں، تاہم کمپنی ان جعلی اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ نہیں کرے گی جو ایکٹو ہیں۔

ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ جلد ہی ٹوئٹر ان ڈیڑھ ارب اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنا شروع کردے گا، جنہیں کئی سال سے کوئی استعمال نہیں کر رہا۔

انہوں نے ایک اور وضاحتی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا، جو کئی سال سے ڈی ایکٹو ہیں اور ان اکاؤنٹس سے کافی عرصے سے کوئی ٹوئٹ نہیں کی گئی۔

ایلون مسک نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر ایک ایسا سافٹ ویئر بھی تیار کرنے میں مصروف ہے، جس کے ذریعے ہر صارف کو معلوم ہوجائے گا کہ کون سا ٹوئٹر اکاؤنٹ کس وجہ سے معطل یا بلاک کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سافٹ ویئر کے ذریعے بلاک یا معطل ہونے والے اکاؤنٹس ہولڈرز کو یہ ہدایات بھی دی جائیں گی کہ وہ کس طرح اپنے اکاؤنٹ کو بحال کروا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے گزشتہ ماہ 28 اکتوبر کو ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد پلیٹ فارم پر متعدد تبدیلیاں لانے کے اعلان کیے تھے۔

ایلون مسک نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ اب تمام ویریفائڈ اکاؤنٹس ہولڈرز کو بلیو ٹک کو برقرار رکھنے کے لیے ماہانہ 8 ڈالر کی فیس ادا کرنی ہوگی۔

بعد ازاں ٹوئٹر بلیو نامی فیچر کے تحت ماہانہ 8 ڈالر فیس کے تحت عام صارفین کو بھی بلیو ٹک دینے کا آغاز کیا گیا تھا مگر چند دن میں ہی درجنوں جعلی اکاؤنٹس نے فیس کے عوض بلیو ٹک حاصل کرلیا تھا، جس کے بعد مذکورہ سروس کو 12 نومبر کو معطل کردیا گیا تھا۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ مذکورہ فیچر کو نومبر کے اختتام تک دوبارہ پیش کیا جائے گا مگر بعد ازاں ایلون مسک نے اسے کچھ عرصے تک موخر کرنے کی تصدیق کی تھی اور اب خیال کیا جا رہا ہے کہ دسمبر کے اختتام تک سبسکرپشن کے عمل کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔