جمالیات

حمزہ علی عباسی کی شوبز میں واپسی

Share

ڈھائی سال قبل شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے جلد ہی ریلیز ہونے والے اپنے نئے ڈرامے کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کردیا۔

حمزہ علی عباسی نے اگست 2020 میں مختلف وجوہات کی بنا پر شوبز سے طویل عرصے تک کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ دو سال سے اگرچہ حمزہ علی عباسی ٹی وی شوز میں بطور مہمان دکھائی دیے، تاہم انہوں نے بطور اداکار یا گلوکار کسی منصوبے میں حصہ نہیں لیا تھا۔

تاہم انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی کے اعلان کے ایک سال بعد ہی عندیہ دیا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر جلد شوبز میں واپسی کریں گے، تاہم 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران وہ شوبز میں واپسی کے حوالے سے تذبذب کا شکار دکھائی دیے تھے۔

لیکن اب انہوں نے اپنے آنے والے ڈرامے کا موشن ٹیزر جاری کرتے ہوئے شوبز میں اپنی واپسی کا اعلان کردیا۔

حمزہ علی عباسی نے انسٹاگرام پر آنے والے ڈرامے جان جہاں کا موشن ٹیزر جاری کیا، جس میں وہ مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

لکھاری ردا بلال کے لکھے ڈرامے کی ہدایات قاسم علی مرید دیں گے جب کہ اسے ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنوار پروڈیوس کریں گی۔

حمزہ علی عباسی نے ڈرامے کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے خصوصی طور پر ڈراما پروڈیوسر ثمینہ ہمایوں سعید کے شوہر اداکار ہمایوں سعید کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم تصدیق کی کہ جان جہاں کو اسی سال ٹی وی چینل پر ریلیز کیا جائے گا۔

انہوں نے شوبز میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد ہی دوبارہ ٹی وی اسکرین پر دکھائی دیں گے۔

ان کی جانب سے شوبز میں واپسی کے اعلان کو مداحوں نے سراہتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ان کی جانب سے شیئر کیے گئے ڈرامے کے ٹیزر سے عندیہ ملتا ہے کہ ’جان جہاں‘ کی کہانی حمزہ علی عباسی کے ڈرامے ’الف یا خدا اور محبت‘ جیسے ڈراموں کی طرح کی ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

جان جہاں، حمزہ علی عباسی کا چار سال بعد پہلا ڈراما ہوگا اور ممکنہ طور پر اسے آئندہ ماہ رمضان میں نشر کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

https://instagram.com/p/CpK1wj_gEDH/embed/captioned/?cr=1&v=13&wp=540&rd=https%3A%2F%2Fwww.dawnnews.tv&rp=%2Fnews%2F1197876%2F#%7B%22ci%22%3A0%2C%22os%22%3A1995.3000001907349%2C%22ls%22%3A75.10000014305115%2C%22le%22%3A738.2000000476837%7D