فیچرز

رمضان میں امتحانات کی تیاری، ایک مشکل مرحلہ

Share

رمضان میں امتحانات کسی بھی طالب علم کے لیے پریشان کن صورتحال ہوتی ہے، تاہم اس صورتحال سے نکلنے کے لیے صرف تھوڑی منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے ۔

رواں سال زیادہ تر اسکولوں میں عید کے فوراً بعد امتحانات شروع ہوں گے، اس لیے روزے کی حالت میں طلبہ امتحانات کی تیاری بھی کریں گے جو ہر طالب علم کے لیے ایک چیلنج ہے۔

روزہ رکھنے کی حالت میں انسان تھکاوٹ اور سستی کے باعث اپنی کارکردگی بہتر طریقے سے انجام نہیں دے پاتا، تاہم اس دوران امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے متوازن غذا کو برقرار رکھنا واحد طریقہ ہے یہی نہیں بلکہ روزے کی حالت میں اپنے پڑھنے کا شیڈول بھی مرتب کریں۔

اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ روزے کی حالت میں امتحان کی تیاری کرنے سے ذہن میں دباؤ بڑھتا ہے کیونکہ آپ کو پڑھائی کے ساتھ عبادت بھی لازمی کرنا ہوتی ہے۔

اسی لیے بہتر حکمت عملی اور مثبت سوچ کے ذریعے ہم اس دباؤ کو کم کرسکتے ہیں۔

شیڈول ترتیب دیں

رمضان ہمیں اصولوں پر عمل کرنے کی اہمیت سکھاتا ہے، بہت سے بچے اور نوجوان یہ محسوس کر رہے ہوں گے کہ وہ رمضان کی برکات سے محروم ہو رہے ہیں، کیونکہ اسکول جانا اور پڑھنا ہوتا ہے۔

لیکن اس مہینے مؤثر حکمت عملی اپنائیں جس کے ذریعے آپ عبادت کرسکیں، نماز پڑھ سکیں، نیند پوری کرسکیں اور پڑھائی بھی کرسکیں، اس کے لیے آپ کو اپنے شیڈول پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

اس لیے اپنے دن کے آغاز میں سب سے پہلے مناسب منصوبہ بندی بنائیں کہ پورے دن آپ کو کیا اور کب پڑھنا چاہیے، اپنے نصاب کو چھوٹے حصوں میں، موضوع کے مطابق تقسیم کریں اور فیصلہ کریں کہ آپ کو وہ مضمون کون سے دن، تاریخ، اور کون سے وقت یاد کرنا ہے، اس کاغذ کو ایسی جگہ رکھیں جہاں آپ ہر وقت دیکھ سکیں۔

ہینڈ آؤٹ اور اسائنمنٹس کو ترتیب دیں

دوسرا اور سب سے اہم نقطہ یہ ہے کہ آپ جس امتحان کی تیاری کرنا چاہتے ہیں اس کے مواد کو ایک جگہ جمع کرلیں، چونکہ آپ کے پاس وقت بہت کم ہے اس لیے آپ کے نوٹس، ہینڈ آؤٹ اور اسائنمنٹس اپنے کمرے میں بکھرے ہوئے ہوں گے۔

اگر ایسا ہے تو تو سب سے پہلے ان کو ترتیب دینے کی کوشش کریں، مثال کے طور پر اپنی تمام نوٹ بک، اسائنمنٹس کو ایک جگہ پر رکھیں۔

جب آپ اپنے نوٹس اور کتابیں ترتیب دینے کا کام مکمل کر لیں، تو انہیں مضمون اور موضوع کے لحاظ سے ترتیب دیں، اس طرح آپ کو مخصوص مضمون پڑھنا ہے تو آپ کو معلوم ہوگا کہ آپ نے کہاں رکھا ہے، اس طرح آپ کے ڈھونڈنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

رمضان اور سونے کے اوقات

اس بابرکت مہینے کی خصوصیت یہ ہے کہ ہم سحری میں جاگتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں اور نماز پڑھتے ہیں، روزے کی حالت میں تھوڑا آرام بھی کرتے ہیں۔

لیکن اس سال، آپ کو کچھ قربانیاں دینی ہوں گی کیونکہ آپ کے امتحانات قریب ہیں اور اسکول بھی جانا ہے، یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ امتحان میں اچھے گریڈ حاصل کرنے کے لیے آپ تھوڑا آرام بھی کریں، اگر آپ رات کو جلدی سو جائیں گے تو دن بھر آپ اپنی سرگرمی اچھے طریقے سے پوری کرسکیں گے۔

پڑھنے کا بہترین وقت:

صبح سویرے مطالعہ کریں: کہا جاتا ہے کہ عموماً صبح سویرے مطالعہ کرنے یا پڑھنے کا بہترین وقت ہوتا ہے، کیونکہ اس وقت آپ کا جسم اور دماغ تروتازہ ہوتا ہے، لیکن یہ عمل ہر کسی کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوسکتی، کچھ لوگ رات کے وقت پڑھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

میری رائے میں خاص طور پر رمضان میں جب ہم اتنی جلدی اٹھتے ہیں، تو روزہ شروع کرنے کے بعد نہ سونا بہتر ہے۔

چونکہ آپ نے پہلے ہی سحری کرچکے ہیں تو آپ کے جسم میں توانائی موجود ہے جسے آپ اپنی پڑھائی میں استعمال کرسکتے ہیں۔

دوپہر میں پڑھنا: کچھ بچوں کو دوپہر میں پڑھنا بہتر لگتا ہے، اگرچہ عام دنوں میں یہ ایک اچھا خیال ہوسکتا ہے، لیکن رمضان کے مہینے میں ایسا کرنا بہتر ثابت نہیں ہوسکتا۔

اسکول یا کالج سے آنے کے بعد آپ کے جسم میں تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے لہذا اس وقت آرام کرنا ہی بہتر ہے، جو لوگ اسکول نہیں جاتے وہ بھی دوپہر میں پڑھائی نہ کریں، اس دوران آپ آرام کرسکتے ہیں اور عبادت کریں اور گھر کے چھوٹے چھوٹے کام کرسکتے ہیں۔