ہیڈلائن

’جموں کشمیر انڈیا کا اٹوٹ انگ‘: کشمیر کو خصوصی آئینی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے کا فیصلہ برقرار

Share

انڈین سپریم کورٹ نے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے معاملے پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 370 آئین کی عارضی شق تھی اور یہ کہ ’جموں و کشمیر انڈیا کا اٹوٹ انگ ہے۔‘

عدالت نے سوموار کو فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ 30 ستمبر سنہ 2024 تک اس ریاست میں انتخابات کرائے۔

چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی انڈیا کی دیگر ریاستوں سے علیحدہ کوئی اندرونی خودمختاری نہیں۔

انھوں نے یہ بات سوموار کو آرٹیکل 370 کے خاتمے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر سماعت کے دوران کہی۔

عدالت کے پانچ رکنی بینچ نے صبح ساڑھے دس بجے اپنا فیصلہ سنانا شروع کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ’جموں و کشمیر انڈیا کا اٹوٹ انگ ہے۔ یہ آئین کے آرٹیکل 1 اور 370 سے واضح ہے۔‘

پانچ اگست 2019 کو انڈیا میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے انڈین آئین کی شق 370 کے خاتمے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو نیم خودمختار حیثیت اور خصوصی اختیارات حاصل تھے۔

پارلیمان سے پاس ہونے والے مودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد انڈیا کے زیرِ اتنظام کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اس سال اگست اور ستمبر کے دوران سپریم کورٹ کے پانچ ججوں پر مشتمل بینچ نے ہنگامی بنیادوں پر سماعتوں کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سپریم کورٹ

اب جبکہ بینچ کے ایک جج جسٹس ایس کے کول دسمبر کے آخر میں ریٹائر ہو رہے ہیں اور 15 دسمبر سے سپریم کورٹ میں سرمائی چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں اس لیے عدالت نے حتمی فیصلہ 11 دسمبر کو سنانے کا اعلان کیا۔

انڈین سپریم کورٹ میں پانچ ججوں پر مشتمل آئینی بینچ کے پاس زیرِ سماعت اس کیس کا جو پہلو سب سے اہم رہا وہ یہ ہے کہ گذشتہ سماعت کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے مودی حکومت کے اُس بیان حلفی کو بحث سے خارج کر دیا تھا جس کے مطابق ’دفعہ 370 کے خاتمہ سے کشمیر میں دہشت گردی ختم ہوئی ہے اور امن اور ترقی کا دور شروع ہو گیا ہے۔‘

مودی حکومت کے بیان حلفی کے جواب میں عدالت نے کہا تھا کہ ’دفعہ 370 کو ہٹانے کے آئینی اور قانونی جواز پر بحث ہو گی نہ کہ اس کے سیاسی نتائج پر۔‘

کشمیر کے تین منتخب ممبران پارلیمان، انڈین آرمی اور انڈین فضائیہ کے سابق افسروں اور سماجی رضاکاروں کی طرف سے سپریم کورٹ میں داخل ان آئینی درخواستوں میں سوال اُٹھایا گیا ہے کہ کیا کشمیریوں کی مرضی کے بغیر پارلیمان کو یکطرفہ طور ایسا فیصلہ لینے کا اختیار تھا یا نہیں؟

واضح رہے کہ اس تاریخی فیصلے سے ایک سال قبل ہی کشمیر میں بی جے پی نے محبوبہ مفتی کی قیادت والی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے حمایت واپس لے کر حکومت گرا دی تھی اور جموں کشمیر میں براہ راست صدارتی راج نافذ ہو گیا تھا۔

kashmir

محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے ایکس کی ایک پوسٹ میں قیاس کیا کہ سپریم کورٹ آرٹیکل 370 کو ہٹانے کے سرکاری فیصلے کو جائز قرار دے کر حکومت کو جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے اور جمہوری عمل بحال کرنے کا روایتی فیصلہ سنائے گی تاہم اس حوالے سے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے باسیوں کو امیدیں بھی ہیں اور خدشات بھی اور اس فیصلے سے یہاں کی سیاسی جماعتوں کی دیرینہ امیدیں پوری بھی ہو سکتی ہیں اور شاید ہمیشہ کے لیے ختم بھی۔

عدالت سے کیا درخواست کی گئی تھی؟

واضح رہے کہ مودی حکومت کے سنہ 2019 کے پارلیمانی فیصلے کو چیلنج کرنے والے سبھی درخواست گزاروں نے یہ سوال اُٹھایا تھا کہ کیا ’کسی ریاست کا درجہ گھٹا کر اسے مرکزی انتظام والا خطہ قرار دینے اور اس کی آئینی حیثیت ختم کرنے کا اختیار اُس ریاست کا ہے یا پارلیمنٹ کا؟‘

باریک اورتکنیکی بحث کے دوران انڈین حکومت نے استدلال پیش کیا کہ جب ریاست میں منتخب حکومت کے بجائے صدارتی راج نافذ ہو تو پارلیمنٹ ریاست کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ لے سکتی ہے۔

کیس کے اسی پہلو نے یہاں کے سیاسی حلقوں کو پریشان کر دیا۔ فیصلہ سنائے جانے سے قبل ایک ماہر قانون دان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’کہنا مشکل ہے کہ فیصلہ کیا آئے گا لیکن میرا گمان ہے کہ کوئی نہ کوئی رعایت ملے گی۔‘

اس رعایت کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’سپریم کورٹ مودی حکومت کو حکم دے سکتی ہے کہ وہ جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرے، لیکن جہاں تک 370 کا مسئلہ ہے، وہ شاید کبھی واپس نہیں ملے گا۔‘

Kashmir

دفعہ 370 انڈین آئین میں شامل کیسے ہوا اور پھر اس کا خاتمہ کیوں ہوا؟

اگست 1947 میں برٹش انڈیا کی تقسیم کے وقت جموں کشمیر میں ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی حکومت تھی اور انھیں انڈیا کے ساتھ الحاق میں تحفظات تھے۔

تاہم جب پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشمیر کی سرحدوں پر جنگ چھِڑ گئی اور دو تہائی کشمیر پر پاکستان کا قبضہ ہو گیا تو مہاراجہ نے نہ صرف انڈین فوج سے مدد طلب کی بلکہ تین شرائط پر انڈیا کے ساتھ الحاق کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔

الحاق کے مطاق جموں کشمیر کی کرنسی، دفاع اور مواصلات انڈین کنٹرول میں ہوں گے جبکہ مقامی قانون سازی، ٹیکس اور دوسرے سبھی امور پر کشمیریوں کا اختیار ہو گا۔

جموں کشمیر کا سِول حکمران ’وزیراعظم‘ جبکہ گورنر ’صدرِ ریاست‘ کہلایا جانے لگا۔

لیکن 1953 میں کشمیر کے پہلے ’وزیراعظم‘ شیخ محمد عبداللہ کو اُس وقت کے انڈین وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے معذول کر کے جیل بھیج دیا اور کشمیر میں دلّی کے حامی بخشی غلام محمد کو حکمران بنا دیا۔

کشمیر میں افراتفری کا عالم تھا اور اسی بیچ جواہر لعل نہرو کی سفارش پر صدارتی آرڈر کے ذریعہ انڈین آئین میں دفعہ 370 کو شامل کیا گیا۔

اس دفعہ کے تحت جموں کشمیر کا اپنا علیحدہ آئین، ٹیکس نظام تھا اور یہاں کی نوکریاں صرف یہاں کے مستقل باشندوں کے لیے مخصوص کر دی گئیں۔ انڈیا کے کسی بھی علاقے کا کوئی بھی باشندہ نہ یہاں ملازمت حاصل کر سکتا تھا، نہ زمین خرید سکتا تھا اور نہ ہی ووٹ ڈال سکتا تھا۔

حالانکہ دیگر انڈین ریاستوں کی طرح اب جموں کشمیر کا بھی باقاعدہ گورنر اور وزیراعلیٰ تھا لیکن ایک طرح کی نیم خودمختاری تھی، جسے ہٹانے کا عزم بی جے پی نے کئی دہائیاں قبل کر لیا تھا۔

سنہ 2014 میں بی جے پی کے مرکزی رہنما نریندر مودی ملک کے وزیراعظم بن گئے تو بی جے پی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ دفعہ 370 ختم کر کے ’مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ کے لیے حل کیا جائے گا۔‘

چنانچہ 2019 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے صرف دو ماہ بعد پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ نے ’جموں کشمیر تنظیم نو‘ کے عنوان سے بل پیش کیا جو اکثریت سے پاس ہو گیا۔

اس بل کے مطابق جموں کشمیر سے لداخ کا خطہ الگ کر کے اُسے بغیر اسمبلی والی یونین ٹیریٹری بنایا گیا جبکہ جموں کشمیر کو اسمبلی والی یونین ٹیریٹری بنایا گیا۔

تاہم یہ اعلان کرنے سے دو روز قبل کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا، ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سہولیات معطل کی گئیں اور سبھی سیاسی لیڈروں کو قید کر دیا گیا۔

یہ سلسلہ چند ماہ تک جاری رہنے کے بعد زندگی بحال تو ہوئی تاہم جموں کشمیر کا آئین منسوخ کیا گیا اور وفاق کے 800 سے زیادہ نئے قوانین کشمیر میں نافذ ہو گئے۔

اس اعلان سے چند سال قبل ہی علیحدگی پسند جماعتوں کو کالعدم قرار دیا گیا تھا اور ان کے رہنماؤں کو جیلوں میں قید کر دیا گیا تھا جبکہ انڈیا نواز رہنماؤں کو بھی سرکاری گیسٹ ہاؤسز میں نظر بند کیا گیا تھا۔

Kashmir

دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد چار سال

تجزیہ کاروں کے مطابق کشمیر میں گذشتہ چند برسوں سے حالات بظاہر پرسکون ہیں۔ آئے روز ہڑتالوں، پتھراؤ اور مظاہروں کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے کیونکہ علیحدگی پسند سیاست منظر سے ہی ہٹائی گئی ہے، اس لیے سال بھر تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں، سیاحوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور کھیل کود کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

گذشتہ چار سال سے حکومت کے کسی بھی فیصلے پر کسی طرح کا کوئی ردعمل دیکھنے کو نہیں ملا اور سوشل میڈیا سے لے کر گلی محلوں تک حکومت کا ’مکمل کنٹرول‘ ہے۔

سڑکوں، پُلوں اور سرنگوں کا کام تیزی سے جاری ہے اور اس دوران انڈیا نے کئی ممالک کے مندوبین کے کئی اجلاس سرینگر میں منعقد کر کے یہ دعویٰ کیا ہے کہ کشمیر اب ’علیٰحدگی پسندی اور شدت پسندی سے پاک‘ ہو گیا ہے۔

دفعہ 370 ہٹانے کے بعد مودی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ جموں کشمیر میں بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری ہو گی اور صرف چھ ماہ کے اندر پچاس ہزار نوکریاں فراہم کی جائیں گی اور کشمیری بھی انڈیا کے شانہ بہ شانہ ترقی کریں گے۔

لیکن طویل قدغنوں کے بعد جب زندگی بحال ہو گئی تو سرکاری تعیناتیوں سے متعلق ایک کے بعد ایک سکینڈل سامنے آ گئے۔

حکومت کو کم از کم ایسی چار فہرستوں کو کالعدم کرنا پڑا جن میں کرپشن اور چور دروازے سے تعیناتی کے انکشافات ہوئے تھے۔ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے جس گلوبل انویسٹر سَمِٹ کو نومبر 2019 میں کرنے کا اعلان کیا گیا تھا وہ ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

تاہم حکومت کا دعویٰ ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری حکومت کو موصول ہوئی ہے اور ان پر کام ہو رہا ہے۔

اس کیس میں کئی درخواست گزاروں میں شامل نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان اور سابق جج حسنین مسعودی اس سے اتفاق نہیں کرتے۔

سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس کے فیصلے سے قبل ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پُراُمید ہیں، لیکن اگر عدالت میں ہم ہار بھی گئے تو ہم سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے، شمال مشرقی ریاستوں کو جو کچھ ملا ہے وہ سیاسی جدوجہد سے ملا ہے، عدالت سے نہیں ملا۔‘