پاکستان

آزاد کشمیر: زائرین سے بھری بس کھائی میں جا گری، 9 افراد جاں بحق

Share

آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً 28 زائرین سے بھری ایک کوسٹر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کوسٹر آزاد جموں و کشمیر کے ضلع سدھنوتی کے ایک دور افتادہ گاؤں نیریاں سے واپس آرہی تھی، جہاں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے متاثرین عرس میں شرکت کے لیے گئے تھے اور ضلع کوٹلی اور میرپور سے ہوتے ہوئے واپس جارہے تھے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کوٹلی ریاض مغل نے بتایا کہ جب یہ کوسٹر ضلع کوٹلی اور میرپور کی سرحد پر واقع گاؤں جارائی کے قریب پہنچی تو علاقے سے ناواقف ڈرائیور کی غفلت کے باعث کھائی میں گر گئی۔

انہوں نے کہا کہ سڑک پر ٹائروں کے نشانات بتاتے ہیں کہ تیز رفتار گاڑی کھائی میں گرنے سے پہلے ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی تھی، حادثے کے بعد کسی نے مقامی تھانے کو حادثے کی اطلاع دی جس کے بعد کوٹلی اور میرپور دونوں اضلاع سے پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار ریسکیو آپریشن کے لیے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔

ابتدائی طور پر تیار کی گئی فہرست کے مطابق مرنے والوں کی شناخت عمر حیات، عبدالرحمٰن، یاسر، احمد اقبال، لقمان، مقصود، حافظ عمر، عمر، اور احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمیوں میں 18 سالہ سوبان، 45 سالہ امین، 38 سالہ عامر، 32 سالہ کاشف، 28 سالہ نواز، 28 سالہ علی جان، 19 سالہ دانش رشید، 24 سالہ وسیم، 23 سالہ عاقب ولد عبدالرزاق، 36 سالہ حمزہ ولد محمد اشرف 22 سالہ فرید ولد محمد اکرم، 32 سالہ عمر ولد محمد وزیر 42 سالہ ظہیر ولد عبدالحمید، 36 سالہ غوث علی ولد محمد نور، 32 سالہ افضل ولد اکبر علی، محمد فیضان ولد منیر، 28 سالہ شہباز ولد جمیل اور عرفان ولد محمد اسلم شامل ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ڈرائیور کی شناخت رانا قاسم کے نام سے ہوئی ہے جوکہ لاپتا ہے، خیال کیا جارہا ہے کہ وہ جائے وقوع سے فرار ہو گیا ہے اور پولیس نے اس کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 320 اور 337 (5) کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جنہیں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میرپور منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس 25 فروری کو رحیم یار خان میں رکن پور کے قریب ملتان۔سکھر موٹروے (ایم-5) پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے تھے۔

مقامی افراد، ریسکیو اور پولیس حکام سے ملنے والی معلومات کے مطابق ایک سوزوکی پک اپ وین مسافروں کو لے کر کراچی جارہی تھی کہ محمد پور کے علاقے تھل حسن کے قریب اس کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ الٹ گئی۔

21 فروری کو خیبرپختونخوا کے علاقے شتیال میں مسافر بس مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے، مسافر بس گلگت بلتستان سے راولپندی جا رہی تھی۔

اس سے قبل 2 فروری کوہاٹ-جاپان فرینڈشپ ٹنل کے قریب انڈس ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثے میں 17 مسافر جاں بحق اور دیگر 2 زخمی ہو گئے تھے۔

مسافر کوچ لکی مروت سے پشاور جا رہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر کے ساتھ تصادم ہوا تھا۔