کھیل

سیریز کی فاتح پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ سے تیسرے ٹی 20 میں شکست

Share

تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کی فاتح پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے آخری میچ میں 6 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 137 رنز بنائے، نیوزی لینڈ نے 15 اوورز میں 2 وکٹوں پر 101 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی اور میچ ختم کر دیا گیا۔

اس طرح تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی یہ سیریز پاکستان ویمنز نے 1-2 سے اپنے نام کی ہے، گرین شرٹس نے پہلا میچ 7 وکٹوں اور دوسرا میچ 10 رنز سے جیت کر نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔

جان ڈیوس اوول میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان ٹیم 4 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری، شوال ذوالفقار، بسمعہ معروف، ڈیانا بیگ اور نجیہہ علوی کی جگہ سدرہ امین، صدف شمس، وحیدہ اختر اور نتالیہ پرویز کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

کپتان ندا ڈار 141ویں میچ کے ساتھ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے والی کھلاڑی بن گئیں، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

منیبہ علی اور سدرہ امین نے 64 رنز کا آغاز فراہم کیا، سدرہ امین نے چار چوکوں کی مدد سے 43 اور منیبہ علی نے 2 چوکوں کی مدد سے 27 رنز اسکور کیے تاہم ان دونوں کے بعد دیگر بیٹرز مجموعی اسکور میں 73 رنز کا اضافہ کر پائیں، ندا ڈار نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 اور فاطمہ ثنا نے 2 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی کپتان ایمیلیا کیر نے 3 اور ایڈن کارسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ ویمنز نے 15 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی اور میچ روک دیا گیا۔

مسلسل بارش اور گراؤنڈ میں پانی جمع ہونے کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا، ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 7 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔

سوزی بیٹس نے 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایمیلیا کیر 35 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں، سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔