دنیابھرسے

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی: یمنی حوثی گروپ کے حملے، مال بردار جہاز راستے تبدیل کرنے پر مجبور

Share

یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بحیرہ احمر میں اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے بعد دنیا کی کچھ بڑی شپنگ کمپنیوں کے 100 سے زائد مال بردار بحری جہاز راستہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوگئے۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی رپورٹ کے مطابق حوثی گروپ نے کہا ہے کہ انہوں نے غزہ پر اسرائیل کی بمباری کے جواب میں بحری جہازوں پر حملے کیے ہیں۔

’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق حوثی گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل امداد کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے، جو 2 ماہ سے زائد عرصے سے اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے۔

حوثی گروپ نے اسرائیل سے غزہ کے خلاف اِس بدترین جارحیت کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا ہے جس کے سبب اب تک 19 ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔

امریکا نے اِن حملوں کو روکنے کے لیے 10 ملکی اتحاد کی تشکیل کا اعلان کیا ہے جس سے دنیا کے مصروف ترین سمندری راستوں میں سے ایک اہم سمندری راستے سے ہونے والی تجارت میں خلل پڑنے کا خطرہ ہے۔