ہیڈلائن

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 16800 سے زائد، اموات 385 تک پہنچ گئیں

Share

پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر نئے دن کے ساتھ ہی مزید کیسز اور اموات سامنے آرہی ہیں، جس کے بعد اب تک ملک میں متاثرین کی تعداد 16 ہزار 817 جبکہ اموات 385 تک پہنچ چکی ہیں۔

26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کے پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں اور ان ٹیسٹس کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال دیکھیں تو فروری کے آخری 4 روز اور مارچ کے اختتام تک اس میں بہت زیادہ تیزی نہیں تھی اور 31 مارچ تک 2007 کیسز اور 26 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل کے مہینے میں کورونا کے کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا اور ایک ماہ کے دوران یہ تعداد 2 ہزار سے بڑھ کر 16 ہزار کے ہندسے کو عبور کرگئی جبکہ اموات بھی 380 سے تجاوز کرگئیں۔تحریر جاری ہے‎

یہی نہیں بلکہ موجودہ گراف کو دیکھتے ہوئے یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 30 مئی تک ملک میں ڈیڑھ لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں آج مئی کے مہینے کے پہلے روز بھی نئے کیسز سامنے آئے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 120 نئے کیسز کی تصدیق کردی گئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صوبے میں ان کیسز کے اضافے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 6340 تک پہنچ چکی ہے۔

ان متاثرین کی تفصیل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 768 افراد زائرین سنٹرز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی جبکہ 3560 عام شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 30 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں 24 گھنٹوں کے دوران 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 343 تک پہنچ گئی۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ اسلام آباد میں کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ روز کیسز کی تصدیق کے بعد سیکٹر آئی-10 کے 2 رہائشی علاقوں کو سیل کردیا گیا تھا۔

خیبرپختونخوا

ادھر گزشتہ شب خیبرپختونخوا میں 314 نئے کیسز اور 24 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رات گئے30 اپریل تک کے اعداد و شمار شیئر کیے۔

اگرچہ انہوں نے اس اعداد و شمار میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 246 نئے کیسز اور 9 اموات رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تاہم مزید 68 کیسز اور 15 اموات کو بھی صوبے کے مجموعی اعداد و شمار میں شامل کیا گیا۔

ان اضافی کیسز اور اموات کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ نمبر اس وقت ڈیجیٹل ریکارڈز میں شامل نہیں کیے گئے جبکہ کہ مینول ریکارڈز سے منتقل ہوئے، مزید یہ کہ یہ ضلعی سطح پر ریکارڈ ہونے والے کیسز کو صوبائی ریکارڈ میں شامل نہیں کیا گیا اور حکام نے ان افراد کے پوسٹ مارٹم ٹیسٹس کیے جن کی وجہ اموات واضح نہیں تھی۔

صحتیاب افراد

تاہم ان کیسز کے باوجود مریضوں کے لیے اُمید کی کرن لوگوں کا صحتیاب ہونا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 210 مزید مریض صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4105 سے بڑھ کر 4315 تک پہنچ چکی ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں اگر مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت پنجاب اور سندھ کے کیسز کی تعداد 6، 6 ہزار سے زائد ہے جبکہ اموات میں خیبرپختونخوا سب سے آگے ہے۔

صوبہ پنجاب میں ابھی تک 6340 اور سندھ میں 6053 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 2627 جبکہ بلوچستان میں 1049 لوگ وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک 343 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں یہ تعداد 339 ہے۔

علاوہ ازیں ملک میں سب سے کم کیسز آزاد جموں و کشمیر میں سامنے آئے ہیں اور وہاں متاثرین کی تعداد 66 ہے۔

مزید برآں ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 146
  • سندھ: 112
  • پنجاب: 106
  • بلوچستان: 14
  • اسلام آباد: 04
  • گلگت بلتستان: 03
  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں